انکولہ 27/نومبر (ایس ا و نیوز)ضلع شمالی کینرا میں نیشنل ہائی وے 66کا توسیعی کام ابھی جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی انکولہ کے قریب ہٹّی کیری میں ٹھیکیدا ر کمپنی آئی آر بی نے ٹول پلازہ کی تعمیر مکمل کرلی ہے اور اب اسے بجلی کا کنکشن بھی دے دیا گیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ چند دن کے اندر ہی یہاں پر ٹول ٹیکس کی وصولی شروع ہوجائے گی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اس ٹول پلازہ پر ٹیکس وصولی کے لئے دس کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔لیکن عام لوگوں کا خیال ہے کہ ابھی فورلین کی توسیعی کام کی تکمیل نہیں ہوئی ہے اس وجہ سے مسافروں کی جانب سے اس ٹیکس وصولی پر اعتراضات کیے جائیں گے۔تاحال ہٹی کری سے کاروار تک کی سڑک کو دو طرفہ ٹریفک کے لئے کھولا نہیں گیا ہے۔بعض مقامات پر عدالت سے اسٹے ملنے کی وجہ سے تعمیری کام رکا ہوا ہے۔اور ادھورے کام کی وجہ سے مسافروں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کاروار کے قریب صرف 50%کام پورا ہوا ہے۔ہٹے کیری سے کاروار کی طرف کے راستے پر بالے گولی پُل کا کام بھی ادھورا پڑا ہے۔ان تمام وجوہات سے مسافروں کی طرف سے ٹول پلازہ پر ٹیکس وصولی کی مخالفت یقینی نظر آرہی ہے۔
ضلع شمالی کینرا اسٹوڈنٹس یونین کے صدر رگھو نائک نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے فورلین کی توسیع کا کام مکمل ہونے کے بعد ہی ٹیکس وصولی کی جانی چاہیے۔ اگر اس سے پہلے ٹول ناکہ پر وصولی شروع ہوگی تو پھر اس کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔